مجلس قائمہ کابینہ سیکرٹریٹ کا این ٹی ایس پر عدم اعتماد

گریڈ 1سے 15تک کی بھرتیاں بھی سروس کمیشن کے ذریعے کرنے کی سفارش

اسلام آباد (ویب ڈیسک )مجلس قائمہ کابینہ سیکرٹریٹ کی ذیلی کمیٹی نے این ٹی ایس پر عدم اعتماد کرتے ہوئے گریڈ 1سے 15تک کی بھرتیاں بھی  سروس کمیشن کے ذریعے  کرنے کی سفارش کردی۔ بدھ کوکمیٹی کا  اجلاس کنویئنر رانا ارادت شریف کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن،فیڈرل سروس کمیشن، ایس ای سی پی اور این ٹی ایس کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ کمیٹی نے سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے لیے ابتدائی سکریننگ ایف پی ایس سی کو تفویض کرنے کی سفارش کردی۔ ایف پی ایس سی کی اس ضمن میں استعداد کار کو بڑھانے کے لیے بجٹ دیا جائے۔  کے پی کے میں این ٹی ایس کے پرچہ لیک ہونے کی تحقیقات کے معاملے کو  ایف آئی اے  کے سپرد کردیا گیا۔ ایس ای سی پی کو این ٹی ایس کے سرکاری یا پرائیوٹ ہونے کا تعین کرنے کی بھی سفارش کی۔ فیڈرل سروس کمیشن کی اعلی حکام نے کمیٹی کو وفاقی اداروں میں گریڈ 1سے 15تک کی بھرتیوں سے متعلق تفصیلات اور ایف پی ایس سی کی استعداد کار سے متعلق آگاہ کیا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ وفاقی اداروں میں گریڈ 1سے 15تک کی بھرتیاں فیڈرل سروس کمیشن کے ذریعے کی جائیں۔