اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان نے بھاری اکثریت سے آئندہ تین سال کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رُکن منتخب ہو کر ایک اور سفارتی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان نے ریکارڈ ووٹ حاصل کئے اور 191 میں سے 169 ووٹس لینے میں کامیاب ہوا، پاکستان نے ایشیا پیسیفک ریجنل میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو اتنی کثیر تعداد میں ووٹوں کا ملنا، عالمی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی پاسداری کیلئے آواز بلند کی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا بڑی کامیابی ہے، انسانی حقوق کونسل میں کشمیر کیلئے آواز بلند کریں گے، بھارت یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کا پابند ہے، دنیا میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا مقبوضہ کشمیر کو بے پناہ چیلنجز درپیش ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو بے دردی سے کچلا جا رہا ہے، بھارت نے کشمیریوں کو 15 ماہ سے محصور کر رکھا ہے۔