اسلام آباد (ویب ڈیسک)

اوگرا نے وفاقی حکومت کو موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کی سمری ارسال کردی ہے تاہم موجودہ سیاسی صورت حال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا امکان ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے تناظر میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے جو آج(جمعرات) وزارت خزانہ کو بھجوائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اوگرا کی طرف سے پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی سمری میں 16 اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر ہی رکھنے کی سفارش کی گئی ہےتاہم حکومت موجودہ سیاسی صورتحال اور عوامی ردعمل کے باعث مہنگائی کی شرح میں کمی کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ کمی کر سکتی ہے جس کے لیے پیٹرولیم لیوی میں کمی کی جا سکتی ہے تاہم اس حوالے سے  حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کی مشاورت سے وزیراعظم کی منظوری سے آج ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس وقت فی لیٹر ڈیزل پر 30روپے، پٹرول پر 27روپے 32پیسے پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے اورمٹی کے تیل پر فی لیٹر 11روپے 43پیسے پٹرولیم لیوی عائد ہے اور اگر حکومت نے عوام کو ریلیف دینا ہوا تو پٹرولیم لیوی کی شرح میں کمی کی جائے گی البتہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاور ت اور منظوری سے کرے گی۔