نوازشریف کی طلبی کیلئے برطانوی اخبارات میں اشتہارات شائع کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) اسلام آبادہائیکورٹ نے نوازشریف کی طلبی کا اشتہار لندن کے 2 اخبارات میں شائع کرنے کی وفاق کی درخواست مستردکردی۔ العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کے طلبی اشتہارات لندن کے دو اخبارات میں جاری کرنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاق کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ وفاق کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کی عدالت طلبی کے اشتہار لندن کے دو اخبارات میں شائع کیے جائیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر نے کہاکہ عدالت نے نوازشریف اشتہار جاری کرنے کاحکم دیا تھا،عدالت نے اشتہار کی کاپی نواز شریف تک بھی پہنچانے کاحکم دیاتھا،رجسٹرار ہائیکورٹ نے 19 اکتوبر کیلئے اشتہار جاری کرنے کاکہاتھا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جاری کردہ اشتہار کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کردی۔جسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ عدالتی حکم پرعملدرآمد ہوگیا تو اب آپ کو اورکیاچاہئے؟،اسلام آبادہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کردی،یاد رہے کہ عدالتی احکامات پر پیر کودو مقامی اخبارات میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات شائع ہوئے۔بذریعہ اشتہار نواز شریف کو 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس کی تعمیل نہ ہو سکی۔ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی تاہم سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی گئی تھی