اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ریڈیو پاکستان کے برطرف ملازمین نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر احتجاج کیا۔ اس موقع پر ملازمین کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کا سالانہ بجٹ 7 ارب روپے ہے، لیکن بجٹ کا بہانہ کر کے ہمیں نکالا گیا۔

احتجاجی ملازمین کے مطابق حکومت نے نوکریوں کا وعدہ کرکے 749 خاندانوں کو بیروزگار کردیا۔

دریں اثناء ملازمین کی 3 رکنی کمیٹی نے ڈی جی ریڈیو پاکستان اور سیکریٹری انفارمیشن کے ساتھ مذاکرات کیے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ریڈیو پاکستان کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ ملک میں ابھی قانون باقی ہے، عوام کی آواز بن کر پارلیمنٹ میں مقدمہ لڑیں گے۔

ریڈیو پاکستان کے احتجاج میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی بھی پہنچے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کیا آپ ملازمین کو نکال کر ملکی معیشیت ٹھیک کر لیں گے؟

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے التجا ہے کہ ملازمین کی برطرفی کا ازخود نوٹس لیں۔