کورونا کی دوسری لہر: ملک میں شاپنگ مالز، مارکیٹس 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ
تفریح گاہ اور پبلک پارکس بھی شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے،این او سی کا اعلامیہ
ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، مارکیٹس سمیت ان ڈور سرگرمیوں کے دوران ماسک پہننا لازمی
کورونا وبا کو روکنے کے لیے ایس او پیز کا اطلاق آج جمعرات سے ہوگا
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے ملک میں کورونا وبا کی ‘دوسری لہر’ کے پیش نظر تمام شاپنگ مالز، دکانیں اور مارکیٹس رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں تفریح گاہ اور پبلک پارکس بھی شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔اعلامیے کے مطابق ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، مارکیٹس سمیت ان ڈور سرگرمیوں کے دوران ماسک پہننا لازمی ہوگا۔میڈیکل اسٹورز، ہسپتال کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔،این سی او سی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وبا کو روکنے کے لیے ایس او پیز کا اطلاق آج جمعرات سے ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘مذکورہ ایس او پیز پر اطلاق کا دورانیہ 2 ماہ ہوگا’۔این سی او سی نے کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کے 11 شہروں کے لیے یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔ ان تمام شہروں میں آج جمعرات 29 مئی سے این سی او سی کے فیصلے نافذ کردیے جائیں گے۔انتظامیہ کی جانب سے کورونا ہاٹ اسپاٹس کے علاقوں میں ٹیسٹں ، ٹریسنگ اینڈ کوارنٹین (ٹی ٹی کیو)حکمت عملی کے تحت اقدامات تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے۔ جبکہ کورونا سے اموات میں بھی اضافہ ہورہاہے جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح ڈھائی سے پونے تین فیصد تک پہنچ چکی ہے