بھارت پر جنگی جنون سوار، تمام ہمسایوں سے برسرِ پیکار ہے: سردار مسعود خان
مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سیکیورٹی کونسل پر دباؤ بڑھانا پڑے گا، دنیاکے بڑے شہروں میں لوگ سڑکوں پر آئیں، صدر آزد کشمیر
مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں 60رٹ پیٹیشنز فیصلے کی منتظر ہیں، جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی
فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کی مذت کرتے ہیں، یو ایچ ایس کسی فرانسیسی ادارے سے تحقیقی اشتراک نہیں کرے گی، پروفیسر جاوید اکرم
لاہور (ویب ڈیسک ) صدر آزاد جمو ں کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت پر جنگی جنون سوار ہے اس لیے وہ اپنے تمام ہمسایوں سے برسرِ پیکار ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو کچھ کررہا ہے وہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سکیورٹی کونسل پر دباؤ بڑھانا پڑے گا جس کیلئے دنیا بھر کے بڑے شہروں میں لوگوں کو سڑکوں پر آنا پڑے گا۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ اب پیشہ وارانہ تنظیموں اور جریدوں نے کشمیری عوام پر بھارتی حکومت کے ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھانا شروع کردی ہے۔ جمعرات کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے دورے کے موقع پر فیکلٹی اور ریسرچرز سے اپنے خطاب میں سردار مسعود خان نے کہا کہ یو ایچ ایس کے ساتھ آزاد جموں و کشمیرکا خصوصی تعلق ہے۔ کشمیر کے تینوں سرکاری میڈیکل کالج یوایچ ایس کے ساتھ منسلک ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم اپنی ٹیم کے ہمراہ لائن آف کنٹرول تک گئے اور ثابت کیا کہ جب ڈاکٹر اپنے مریض تک پہنچنا چاہتا ہے تو کوئی بارڈر یا فوج اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے 61637ٹیسٹ ہوئے جبکہ اب تک کووڈ کے باعث 88ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔انھوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم پر دنیا کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں محض آزادی کا نعرہ لگانے پر ایک بچے کو بھی دو سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ یو ایچ ایس کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی نے کہا کہ بھارت گزشتہ 70برس سے جموں و کشمیر کے عوام کی آواز دبانے میں ناکام رہا ہے۔ گزشتہ سال اگست میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ میں 60کے قریب رٹ پیٹیشنز دائر ہوئیں جن پر تا حال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجوں کی طرح یو ایچ ایس میں بھی کشمیریوں کے لیے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں سیٹیں مختص ہونی چاہئیں۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان الگ نہیں ہوسکتے۔ فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے اعلان کیا کہ یو ایچ ایس فرانس کے کسی بھی ادارے کے ساتھ کسی قسم کی تعلیمی یا تحقیقی اشتراک نہیں کرے گی۔تقریب کے آغاز میں کشمیری مجاہدین، عورتوں اور بچوں کی قربانیوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب میں انسٹی ٹیوٹ آف بائیو انجینئرنگ کے ریسرچرز اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کا وفد بھی موجود تھا۔ چینی ریسرچرز کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر کیوڈان ژو نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی چینی ویکسین کا ہیومن ٹرائل شروع ہوچکا ہے اور اب تک اس ٹرائل کیلئے دو ہزار رضاکاروں کو رجسٹر کیا جاچکا ہے۔ ہمار ٹارگٹ 10ہزار رضاکار رجسٹر کرنے کا ہے۔