ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف پاکستان کے2 روزہ سرکاری دور ے پر اسلام آباد پہنچ گئے

جواد ظریف  آج بدھ کو وزیراعظم اوروزیرخارجہ سے ملاقاتیں کریں گے

پاکستانی قیادت کیساتھ دوطرفہ اور علاقائی مسائل کے بارے میں اعلی سطحی گفتگو ہوگی،جواد ظریف

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف پاکستان کے 2 روزہ سرکاری دور ے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم اور آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ۔ ایرانی وزیرخارجہ اعلی سیاسی واقتصادی وفدکے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں۔ جواد ظریف  آج بدھ کو وزیراعظم اوروزیرخارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔ایرانی وزیرخارجہ کی آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے بھی ملاقات ہوگی۔ جوادظریف اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرسے بھی ملاقات کریں گے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سمیت اہم شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی اعتماد مذہب اور ثقافت پر مبنی گہرے تعلقات ہیں۔ جموں وکشمیر تنازعے کے حوالے سے ایرانی قیادت کی حمایت غیر متزلزل رہی۔ ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہوگا۔دورہ پاکستان سے قبل وزیر خارجہ نے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ پاکستان پہنچنے پر میں اپنے بھائیوں شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ، جنرل باجوہ آرمی چیف اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کروں گا اور ان کے ساتھ دوطرفہ اور علاقائی مسائل کے بارے میں اعلی سطحی گفتگو ہوگی۔محمد جواد ظریف نے لکھا کہ یوم اقبال کے بعد یہ سفر انجام پا رہا ہے اور علامہ اقبال عالم اسلام کے ایک عظیم مفکر، بین الاقوامی شاعر، اتحاد و بھائی چارے کے لئے انتھک کوشش کرنے اور ایران و پاکستان کو آپس میں جوڑنے والے ایک عظیم انسان تھے۔اس سے قبل بھی محمد جواد ظریف نے یوم علامہ اقبال کی مناسب پر اردو زبان میں ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے علامہ اقبال کو عالم اسلام کا ایک عظیم دانشور، شاعر اور مفکر قرار دیا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ اتحاد و یکجہتی وہ مسئلہ تھا جس کے لئے علامہ اقبال ہمیشہ فکرمند رہے اور یہی مسئلہ آج عالم اسلام کے لئے ایک المیہ بنا ہوا ہے۔am-auz-mz

#/S