گلگت بلتستان (ویب ڈیسک)
گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے جس کے ساتھ ہی غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث شدید سردی ہے لیکن سیاسی گرمی نقطہ عروج پر ہے۔ گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک پر امن طریقے سے بلاتعطل جاری رہا۔ سرد موسم میں بھی لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آئے۔
انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت کئی جماعتیں میدان میں ہیں تاہم پی ٹی آئی، (ن) لیگ اور پی پی میں کاٹنے کا مقابلہ ہوا جب کہ آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
گلگت بلتستان میں 10 اضلاع میں ایک ہزار 161 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے جن میں سے 418 اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 311 کو حساس قرار دیا گیا۔ امن وامان قائم رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر 15 ہزار 900 سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔
کورونا وبا کے باعث پریذائیڈنگ آفیسرز کو پولنگ سامان کے ساتھ کورونا سے بچاؤ کے لئے ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر بھی خصوصی طور پر فراہم کیے گئے۔
کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 45 ہزار 361 ووٹرز ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 53 ہزار اور خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار ہے۔ خواتین ووٹرز نے بڑی تعداد میں پولنگ میں حصہ لیا۔