گلگت ( ویب نیوز )

سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے وزیراعلیٰ جی بی کے انتخابات ملتوی کر دیے ہیں گزشتہ روز جعلی ڈگری کیس میں خالد خورشید نے نا اہل ہونے پر نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہونا تھا۔

گلگت بلتستان کی سپریم اپیلٹ کورٹ نے وزیراعلیٰ جی بی انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔ گزشتہ روز جعلی ڈگری کیس میں پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ خالد خورشید کے نا اہل ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہونا تھا۔

نئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راجا اعظم، ن لیگ کی جانب سے انجینئر محمد انور کے علاوہ امجد ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر راجا اعظم کو وزیراعلیٰ منتخب کرانے کی کوشش کرے گی۔

اس حوالے سے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ جی بی کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے التوا کی کوششیں مذموم ہیں۔ اسمبلی میں پی ٹی آئی اراکین کی اکثریت ہے۔ کبھی بم کی اطلاع پر اسمبلی میں مداخلت کی جا رہی ہے تو کبھی کچھ اور کیا جا رہا ہے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے موقع پر گلگت بلتستان اسمبلی کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی اور اسمبلی سے صحافیوں کو بھی باہر نکال دیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کا فارورڈ گروپ سامنے آ گیا
جب کہ وزیراعلیٰ انتخاب سے کچھ دیر قبل ہی تحریک انصاف کا فارورڈ گروپ سامنے آگیا اس گروپ کی قیادت سابق وزیر صحت جی بی حاجی گلبر خان کر رہے ہیں جنہوں نے 7 سے 8 اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔