وزیراعظم کا اپنی سربراہی میں نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ
ملک بھر سے 50 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائیگا، نوجوان وزیراعظم کے ساتھ مل کر وہ پالیسیاں تشکیل دینگے
پاکستان بننے اور عمران خان کی جدوجہد میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا،اسد عمر
اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے اپنی سربراہی میں نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک بھر کے نوجوانوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں، وزیراعظم عمران خان نے ساری جدوجہد نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے کی ہے، عمران خان نے نیشنل یوتھ کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کونسل کی سربراہی وزیراعظم عمران خان خود کریں گے، ملک بھر سے 50 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائیگا، نوجوان وزیراعظم کے ساتھ مل کر وہ پالیسیاں تشکیل دیں گے جو ان کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان بننے اور عمران خان کی جدوجہد میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا ہے، یوتھ کونسل کا سلیکشن پراسس انتہائی شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، نوجوان نیشنل یوتھ کونسل میں شامل ہونے کے لیے کامیاب جوان کی ویب سائٹ سے اپلائی کریں، 50 بہترین قابل نوجوانوں کو کونسل رکنیت کیلئے منتخب کیا جائیگا۔