اسلام آباد (ویب ڈیسک)

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالرکی گرانٹ کی اصولی منظوری دیدی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

ای سی سی نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر کی گرانٹ کی اصولی منظوری دیدی جس کے تحت پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے کورونا ویکسین خریدی جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین میں کمی کا پراسس شروع کرنے کیلئے ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ علاوہ ازیں جی20 ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کی سمری بھی منظور کرلی گئی ہے۔

ای سی سی کی جانب سے پاکستان میں ٹی وی ای ٹی سیکٹر ڈویلپمنٹ کیلئے وزیراعظم پیکج کے تحت 50 کروڑ روپے کی ٹیکنیکل گرانٹ کی منظوری بھی دیدی ہے جبکہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کیلئے 68 کروڑ 33 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کرلی گئی ہے۔

اجلاس میں او جی ڈی سی ایل کے عمیر ٹو کنوئیں سے میسز اینگرو فرٹیلائزر کو گیس فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔