کراچی (ویب ڈیسک)

کورونا وبا کی دوسری لہر کی شدت کے بعد سول ایوی ایشن (سی اے اے) نے سفری ہدایت نامے میں ایک بار پھر ردوبدل کر دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، اس حوالے سے سی اے اے کے ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کو کورونا وائرس کے حوالے سے تین کیٹگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔  کیٹگری اے کے ممالک کی تعداد 22 سے بڑھا کر 24 کر دی گئی ہے اور اس نئی فہرست میں ناروے، جنوبی سوڈان، ٹوگو، یوراگوئے اور زیمبیا کو شامل کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا، چین، مالدیپ، نیوزی لینڈ، نائجیریا، ساوتھ کوریا، سعودی عرب، سنیگال، سری لنکا، ویتنام، کیوبا کیٹگری اے میں شامل ہیں، اور اس  کیٹگری میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ / پی سی آر سے استثنی حاصل ہوگا۔

سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ایس او پیز کے مطابق کیٹگری بی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔