اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ملک میں کورونا سے مزید 71 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے لقمہ اجل بننے والے مریضوں کی تعداد 8 ہزار 724 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41 ہزار 426 ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد ملک میں اب تک اس وائرس کی تشخیص کے لیے کئے گئے ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 59 لاکھ 90 ہزار 168 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 729 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس کے بعد ملک بھر میں اس وبا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 56 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ کوویڈ 19 ٹیسٹ کئے گئے اور مریضوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ اسی صوبے میں ایک لاکھ 92 ہزار 735 ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 26 ہزار 526 ، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 404، بلوچستان میں 17 ہزار 696، اسلام آباد میں 34 ہزار 300، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 775 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7 ہزار 620 ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا نے مزید 71 افراد کی جانیں لے لی لیں ، جس کے بعد ملک میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 8 ہزار 8724 ہوگئی ہے۔

اب تک پاکستان میں کورونا سے سب سے زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہوا ہے جہاں اس مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہزار 320 ہے۔ سندھ میں 3 ہزار 132، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 455، بلوچستان میں 173 ، اسلام آباد میں 358، آزاد کشمیر میں 188 جب کہ گلگت بلتستان میں اس وبا سے 98 مصدقہ مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اب تک 3 لاکھ 81 ہزار 208 مریض اس وبا سے نجات پا چکے ہیں، جب کہ فعال مریضوں کی تعداد 45 ہزار 124 ہے۔ جن میں سے 2470 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔