کراچی (ویب ڈیسک)

شہر قائد میں ٹریفک مسائل کوحل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ملیرایکسپریس وے کی تعمیرکا فیصلہ کر لیا، کورنگی کریک سے شروع ہونے والا چالیس کلومیٹر طویل ایکسپریس وے سپر ہائی کاٹھور پرختم ہوگا۔

طویل عرصے سے زیرغورکراچی کے بڑے منصوبے ملیر ایکسپریس وے کو عملی شکل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ حکومت سندھ رواں ماہ کورنگی کریک سے سپر ہائی وے کاٹھور تک چالیس کلو میٹر طویل منصوبے پر کام کا آغاز کرے گی، بلاول بھٹوزرداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ملیر ایکسپریس وے کو ہر گزرتے دن شہر میں بڑھنے والے ٹریفک مسائل کا بڑا حل کہا جارہا ہے، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے مطابق یہ منصوبہ شہر قائد کے لوگوں کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے تحفہ ہوگا۔

شہر میں بنائے جانے والے نئے ایکسپریس وے کو ملیر ندی کے بائیں کنارے پر تعمیر کیا جائے گا۔ ہائی اسپیڈ ٹول ایکسپریس وے منصوبے کا اسپیڈ ڈیزائن سو کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ انٹرچینج پر اسپیڈ پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ چھ لین تعمیر کی جائیں گی جوکہ تین فٹ ڈوئل کیرج وے ہوگا۔

ملیر ایکسپریس وے کا کورنگی روڈ ڈی ایچ اے کریک ایونیو سے شروع ہوکر جام صادق پل، شاہ فیصل کالونی روڈ اور فیوچر کالونی سے کاٹھورتک جائے گا جہاں پیدل چلنے والوں کیلئے 9 کراسنگ مقامات ہوں گے۔ شہریوں نے منصوبے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے وقت پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔
وزیر اعلی سندھ کے مطابق سندھ حکومت یہ منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے شروع کررہی ہے، منصوبے کی روڈ الائنمنٹ اور ہائیڈرالاجیکل سروے ہو چکا جبکہ انوائرمینٹل اسٹڈی 60 فیصد اور برج اسٹرکچر ڈیزائین کا کام بھی 60 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔