آزادکشمیر میں نجی موبائل کمپنی کو دو ارب روپے سے زائد کا ٹیکس ریکوری کا نوٹس
کمشنر انلینڈ ریونیو نے کمپنی کی اپیل مسترد کردی
میرپور (صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر میں ایک نجی موبائل سروس مہیا کرنے والی کمپنی کو ڈپٹی کمشنر انلینڈ ریونیو کمپنی سرکل کی طرف سے دو ارب پچاسی کروڑ روپے کے ٹیکس ریکوری کا نوٹس ارسال کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر انلینڈ ریونیو(کمپنی سرکل) سید انصر علی نے آڈٹ کے بعد نجی موبائل کمپنی کودو ارب پچاسی کروڑ کا انکم ٹیکس و ایجوکیشن سیس عائد کیا جس کے خلاف نجی کمپنی نے متعلقہ فورم پہ اپیل کی۔ متعلقہ فورم ( کمشنر انلینڈ ریونیو اپیلز) نے کمپنی کا موقف خلاف قانون و حقائق ہونے کی بنا پہ مسترد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے عائد کردہ ٹیکس آرڈر کو بحال رکھا۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر (IR) سید انصر علی نے متعلقہ کمپنی کو ٹیکس ریکوری کا نوٹس بھیج دیا ہے۔ ٹیکس گزار کمپنی نے اس سے قبل 2017 میں آڈٹ سے بچنے کے لیے آزاد کشمیر کے محکمہ انلینڈ ریونیو آزاد جموں و کشمیر کی اس کمپنی کا آڈٹ کرنے کی Jurisdiction کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس میں آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے محکمہ انلینڈ ریونیو کاموقف درست قرار دیتے ہوئے کمپنی کو محکمہ انلینڈ ریونیو کو آڈٹ کے لیے ریکارڈ فراہم کرنے کو کہا تھا اور یہ قرار دیا تھا کہ محکمہ انلینڈ ریونیو کا دائرہ اختیار آزاد جموں و کشمیر میں نہ صرف اس کمپنی بلکہ موبائل سروس مہیا کرنے والی تمام کمپنیوں پہ ہے۔
ٹیلی کام