پی ٹی وی ریکوری کیس’ اسلام آباد ہائی کورٹ کا 19 کروڑ روپے وصول کرنے کا حکم

پرویز رشید، اسحاق ڈار، عطاالحق قاسمی اور فواد حسن فواد سے3 ماہ میں ریکوری کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

 اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی وی ریکوری سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا تے ہوئے پرویز رشید، اسحاق ڈار، عطاالحق قاسمی اور فواد حسن فواد سے3 ماہ میں19 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 کروڑ روپے ریکوری کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرانے کا حکم دے دیا، عدالت نے ڈسٹرکٹ کلیکٹر اسلام آباد کو قانون کے مطابق ریکوری کا حکم دیا۔پی ٹی وی ریکوری عملدرآمد کیس کا فیصلہ جسٹس محسن اختر کیانی نے سنایا۔ عدالت نے حکم دیا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔واضح رہے کہ عطا الحق قاسمی تعیناتی کیس کا سپریم کورٹ نے 8 نومبر 2018کو فیصلہ سنایا تھا اور سپریم کورٹ نے پی ٹی وی کے 19 کروڑ روپے کی ریکوری کا حکم دیا تھا۔پی ٹی وی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔