عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں:وزیراعظم
عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے۔ پولیس کسی سیاسی اثرورسوخ کو خاطر میں نہ لائے
وزیراعظم عمران خان کا پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس میں اظہار خیال
لاہور(ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے۔ پولیس کسی سیاسی اثرورسوخ کو خاطر میں نہ لائے۔ ۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے وزیراعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس سٹیشنز کی مالی خود مختاری اور مصالحتی کونسل کے مکینزم کے حوالے مجوزہ تجاویز وزیراعلی کو پیش کر دی گئی ہیں۔اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے۔انہوں نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں، جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا۔عمران خان نے ہدایت کی کہ پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں میں وزٹ کریں۔ پنجاب پولیس کا امیج بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اہم پوزیشنز پر ایماندار افسران تعینات کرنے کا اثر گراس روٹ تک جاتا ہے۔ پنجاب میں تمام تعیناتیاں صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں تا کہ لوگوں کی انصاف تک حقیقی رسائی ممکن ہو سکے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لئے یہ سبق ہوگا۔ قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے۔وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور معاون خصوصی شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کورونا سے صحتیاب ہونے پر وزیراعلی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعلی نے صوبے کیانتظامی امور بارے وزیراعظم کو بریف کیا۔ عثمان بزدار کی جانب سے وزیراعظم کو ترقیاتی منصوبوں اور عوامی ریلیف کے اقدامات بارے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے حکومت پنجاب کے آئندہ عوامی ریلیف کے منصوبوں پر بھی بریف کیا۔ وزیراعظم نے انھیں عوامی مسائل کے حل کے اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت کی