سیکورٹی فورسزکا شمالی وزیرستان میں آپریشن
5 دہشت گرد مارے گئے
راولپنڈی(ویب نیوز)سیکورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا ، خفیہ اطلاع پر میر علی اور خیسور میں آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 2سرغنہ سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے ، ان میں کمانڈر سید رحیم عرف عابد اور سیف اللہ نوربھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن ایجنسیوں نے دہشت گردوں کو ٹارگٹ کلنگ کے ٹاسک دے رکھے تھے۔ دہشت گرد رحیم2007 سے سیکورٹی فورسز کے خلاف 17 کارروائیوں میں ملوث تھا۔ رحیم وانا اور میر علی میں خودکش حملہ آوروں کے مرکز کا انچارج تھا۔ رحیم نومبر 2020 سے جنوری 2021 تک دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔ دہشت گرد رحیم قبائلی عمائدین اور 3انجینئرز کے قتل میں ملوث تھا۔ سیف اللہ سیکوٹری فورسز پر بارودی سرنگوں کے حملوں میں ملوث تھا ۔مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے تھا۔