کراچی :سابق صدر آصف علی زرداری کی چودھری منظور احمد سے ٹیلی فون پر گفتگو

ملک شدید خطرات میں  ہے ۔حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے۔سابق صدر

کراچی(ویب  نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری  نے اتوا ر کو پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ ملک شدید خطرات میں  ہے ۔حکمران کوئی بڑا بلنڈر کر سکتے ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے۔اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گا۔اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں۔پی ڈی ایم متحد ہے  حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو  اب مزید کرونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔نہ یہ ویکسین خرید سکینہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاؤہ یہ کرونا پر عوام کی مدد کر سکے۔آصف علی زرداری کا مذید کہنا تھاکہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26ارب تک بڑھائی۔ملک کا ریونیو ڈبل کیا۔ملازمین کی 125فیصد تنخواہیں بڑھائیں۔سرکاری ملازمین کی پینشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دئے  ہیں۔سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے۔ اب یہ گر چکے ہیں۔بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے۔پی ڈی ایم کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔