سیالکوٹ’ ن لیگ کے سابق میئرکی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں 3 منزلہ کمیونٹی سینٹر مسمار
ہائوسنگ سوسائٹی میں پارک اور قبرستان کی کروڑوں کی زمین پر تجاوزات قائم تھے،انتظامیہ
خواجہ آصف کے بیٹے 20 فیصد کے شیئر ز ہیں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، توحید اختر
سیالکوٹ(ویب نیوز)سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے ن لیگ کے سابق میئر توحید اختر کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں غیرقانونی عمارت کو گرا دیا، ہائوسنگ سوسائٹی میں خواجہ آصف کے بیٹے ہائوسنگ سوسائٹی میں 20 فیصد کے شیئر ہولڈر ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے خلاف کارروائی کے دوران قبرستان اور پارک کی زمین پر بنائی گئی غیر قانونی عمارت کو گرادیا گیا۔آپریشن سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی منظوری کے بعد شروع کیا گیا، جس میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار بھی شریک ہوئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیوی مشینری سے 3 منزلہ کمیونٹی سینٹر کو گرایا گیا۔ مذکورہ نجی ہائوسنگ سوسائٹی ن لیگ کے سابق میئر توحید اختر کی ملکیت ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق مئیر توحید اختر نے کہا کہ خواجہ آصف کے بیٹے ہائوسنگ سوسائٹی میں 20 فیصد کے شیئر ہولڈر ہیں، اِسی لیے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ۔انتظامیہ نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹی میں پارک اور قبرستان کی کروڑوں کی زمین پر تجاوزات قائم تھے۔ کارروائی میں 12 مرلہ پر قائم 3 منزلہ عمارت کو گرایا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔