آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی  کے انتخابات مکمل ہوگئے

ناز آفرین سہگل لاکھانی  صدر، سرمد علی سیکرٹری جنرل منتخب

،ایس ایم منیر جیلانی جوائنٹ سیکرٹری اور جناب شہاب زبیری کو دوبارہ فنانس سیکرٹری منتخب کرلیا

کراچی (ویب  نیوز)

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی  کے انتخابات مکمل ہوگئے ۔ اے پی این ایس کی جنرل کونسل کے سالانہ اجلاس نے متفقہ طور پر ناز آفرین سہگل لاکھانی کو صدر، امتنان شاہد سینئر نائب صدر،محمد اسلم قاضی نائب صدر ، سرمد علی سیکرٹری جنرل ،ایس ایم منیر جیلانی جوائنٹ سیکرٹری اور جناب شہاب زبیری کو دوبارہ فنانس سیکرٹری منتخب کرلیا۔ نومنتخب  وزیراعظم شہباز شریف ،پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ، سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمان،سمیت دیگر شخصیات نے  نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباددیتے ہوئے  نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔سالانہ اجلاس عام  نازآفرین سہگل لاکھانی کی زیر صدارت اے پی این ایس ہائوس کراچی میں منعقد کیا گیا جس میں سال 2023-24 کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اور سال 2023  کے سالانہ حسابات کی رپورٹ کی متفقہ منظوری دی گئی ۔جنرل کونسل میں پورے ملک سے 116اراکین نے شرکت کی۔ جنرل کونسل نے ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی ، زاہد حفیظ اور سید عرفان شاہ پر مشتمل ایک الیکشن کمیشن تشکیل دیا۔الیکشن کمیشن نے سال 2024-25 کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے الیکشن منعقد کرائے۔ مندرجہ ذیل اخبارات اور جرائد بلامقابلہ منتخب ہوئے جن میں ڈیلی ٹائمز، روزنامہ دنیا، روزنامہ جنگ، روزنامہ خبریں، روزنامہ پاکستان (لاہور) ، روزنامہ تجارت، روزنامہ اوصاف ، روزنامہ نوائے وقت ، روزنامہ عوام (کوئٹ)، روزنامہ مشرق (کوئٹہ)، روزنامہ وحدت ، روزنامہ مشرق (پشاور)، روزنامہ کلیم، روزنامہ کاوش ، روزنامہ آفتاب ملتان، روزنامہ بزنس رپورٹ، روزنامہ پیغام، روزنامہ سٹی 42، روزنامہ پاکستان آبزرور، روزنامہ ہلچل ، روزنامہ سیادت ، ہفت روزہ عزم، ماہنامہ دستک، ماہنامہ نئے افق ، ماہنامہ نیا رخ، ماہنامہ سنٹرلائن ، پندرہ روزہ عبرت اور ہفت روزہ نکھا ر شامل ہیں۔ کراچی کی روزناموں کی 6نشستوں پر 7امیدوار ہونے کی بنا پر الیکشن کا فیصلہ کیا گیا خفیہ رائے شماری کے نتیجہ میں درج ذیل اخبارات کامیاب قرار پائے۔روزنامہ آغاز ، روزنامہ بزنس ریکارڈر، روزنامہ ڈان، روزنامہ دیانت ، روزنامہ جسارت اور روزنامہ جدت (کراچی)شامل ہیں۔ مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر محترمہ زاہدہ عباسی( روزنامہ نو سج کراچی) کو خواتین ناشرین کی نشست کیلئے منتخب کیا گیا۔نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا ۔ جنرل کونسل نے ایک قرار داد کے ذریعے پرنٹ میڈیا کی معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس کی وجہ سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس میں سے اکثر تباہی کے دہانے پر ہیں اس صورتحال میں کونسل نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری نرخوں میں اضافہ کے منظور کئے گئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے ۔جنرل کونسل کی ایک قرار داد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے درخواست کی گئی کہ اخباری صنعت کے طویل ذیرِ التوا بقایاجات کی جلد ادائیگی کی جائے ۔ اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور اشتہارات کے اجرا میں پرنٹ میڈیا کاالگ حصہ مختص کیا جائے تاکہ موجودہ صورتحال میں اخباری صنعت زندہ رہ سکے۔جنرل کونسل نے ایک اور قرار داد میں پی آئی ڈی کی جانب سے 17مطبوعات کو میڈیا لسٹ سے نکالنے کے یکطرفہ فیصلہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس میں 11اخبارات اے پی این ایس کے رکن ہیں۔ اے پی این ایس نے مذکورہ فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے وزارات اطلاعات سے درخواست کی کہ وہ ان مطبوعات کی اشاعتوں کو فی الفور بحال کرے۔صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور نومنتخب وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت بلاشبہ ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت رکھتی ہے، صحافی معاشرے کے آنکھ اور کان ہیں جو انتظامیہ اور عوام کے مابین ایک موثر رابطہ اور پل کا درجہ رکھتے ہیں، اپنے دور حکومت میں صحافت اور صحافیوں کو درپیش مسائل و چیلنجز کو حل کرنے میں متحرک کردار ادا کیا ہے،آئندہ بھی صحافیوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے تہینتی پیغام میں نومنتخب عہدیداران کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں کامیابی آپ کے ساتھیوں کا آپ پر اعتماد و یقین کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل دور سے گذر رہا ہے، اور اِن حالات میں میڈیا اور اے پی این ایس کی قیادت کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رائے عامہ کی تشکیل اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اے پی این ایس کے درمیان باہمی و تعمیری تعاون جاری رہے گا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہم وفاقی حکومت کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے، امید کرتا ہوں کہ اے پی این ایس کینو منتخب نمائندے پریس کی بہتر ساک کے لیے اپنا نمایاں کردار ادا کریں گے