خیبر ،مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا، بارشوں سے مختلف واقعات و حادثات میں 21 افراد جاں بحق، 37 زخمی ہوئے، پی ٹی ایم اے

خیبر پختونخوا میں 30گھر مکمل تباہ ، 97 کو جزوی نقصان پہنچا، بارشوں سے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری

پشاور( ویب  نیوز)

خیبرپختونخوا میں جاری بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ی ڈی ایم اے)نے رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق بارش میں مختلف واقعات و حادثات میں 21 افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے۔ 97 گھروں کو جزوی اور 30 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ اس سے قبل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)بلوچستان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کی تھی۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خاران میں موسلا دھار بارش کے باعث 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، بارش سے 2 گھر تباہ اور 5 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔  ضلع خیبر کے علاقے ذخہ خیل میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔پولیس نے کہا کہ واقعہ علی الصبح پیش آیا، نعشوں کو شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔پولیس نے بتایا کہ گزشتہ 3 روز سے جاری بارشوں کے باعث مکان بوسیدہ ہوگیا تھا تاہم اب بارش کا سلسلہ تھم گیا ۔