کراچی،پشاور (ویب ڈیسک)

ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کئی علاقوں میں حادثات کے دوران 14 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔کراچی میں تیز ہوواں کے باعث دیواریں گرنے اور دیگر حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ دوسری جانب شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ نے 3 جانیں لے لیں جبکہ چارافراد زخمی بھی ہوئے۔ منگچر میں پھسلن کے باعث کوچ اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہر کے قدرتی مناظر بھی نکھر گئے۔ادھر ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مری اور گلیات میں گزشتہ روز سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مری میں انتظامیہ کی جانب کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات مکمل ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔ملکہ کوہسار میں محدود تعداد میں داخلے کی اجازت دینے کے باعث مال روڈ اور دیگر علاقوں میں برفباری کے باوجود سیاحوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔استور، اور گلگت کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں کل تک برفباری جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔