30 برطانوی ممبران پارلیمنٹ بورس جانسن کو کشمیر کی صورت حال سے آگا ہ کریں گے
لندن (ویب ڈیسک)
30 برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے کشمیر کی سنگین صور حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ آن لائن کشمیر کانفرنس میں ان ممبران پارلیمنٹ نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات کرکے انہیں کشمیر کی صورت حال سے آگا ہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔آن لائن کشمیر کانفرنس کے مہمان خصوصی آزاد جموں و کشمیر کے صدرسردار مسعود خان تھے جبکہ صدارت تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کی۔ افضل خان، محمد یاسین، لارڈ واجد خان، طاہر علی ،ٹونی لے وڈ،ڈی ابراہام، پال بیسٹرو، اینڈریو جین ، مسز رے بیکا، سمیت 30 برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ مسلہ کشمیر خطے کے امن کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے، کشمیری اقوام متحدہ اور بھارتی وعدوں پر عمل درآمد چاہتے ہیں، مسلہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسلہ نہیں بھارت کشمیریوں کا قتل عام بند کرئے ،بھارت نے سیزفائر لائن پر نہتے عوام کو نشانہ بنا رکھا ہے ۔ ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ فوجی قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا ۔ کشمیری اپنے جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدرسردار مسعود خان نے کانفرنس سے خطاب میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات کرکے انہیں کشمیر کی صورت حال سے آگا ہ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ مسلہ کشمیر پر وزیر اعظم بورس جانسن سے ملاقات کریں۔ انہیں کشمیر کی سنگین صور حال سے آگا کیا جائے گا۔ مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کا قتل عام شروع کر رکھا ہے ۔ کشمیری عوام ایک مشکل ترین حالات سے گذر رہے ہیں۔ برطانیہ سکیورٹی کونسل کا مستقل ممبر ہے۔ برطانیہ کے بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں ۔بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرئے،، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب ، کونسلر محبوب بھٹی ،خواجہ محمد سلیمان، میاں طیب، محمد اقبال، طاہر مرزا، منیر حسین ہاشمی،محمد اکرام ، سجاد علی،پروین خان ڈاکٹر صبور اور دیگر سرکرہ رہنما وں نے بھی کانفرنس میں شرکت کی ۔