اسرائیلی فوج کا فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال،متعدد زخمی
کفر قدوم میں فوج نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ان پر دھاتی گولیوں سے حملے کیے
رملہ(ویب نیوز)قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پر ایک فلسطینی ریلی پر طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پر فلسطینیوں نے اسرائیلی غنڈہ گردی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر قابض فوج نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ان پر دھاتی گولیوں سے حملے کیے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی دم گھٹنے سے متاثر ہوئے اور کئی دھاتی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج نے کفر قدوم قصبے پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کی نکالی گئی ریلی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔اس موقعے پر فلسطینی شہریوں کی طرف سے صہیونی فوج اور اس کی گاڑیوں پر سنگ باری کی گئی۔