لاہور (ویب نیوز )
جنوبی افریقا کو فائنل میں شکست دینے والی پاکستان ٹیم نے ایک اور عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
گرین شرٹس 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ پاکستان نے جنوبی افریقا کو لاہور میں سیریز کے فائنل مقابلے میں شکست دے کر کامیابیوں کی سنچری مکمل کی۔ ٹی ٹوئنٹی کے اس سفر میں پاکستان نے 99 میچز مقررہ اوورز میں جیتے جب کہ ایک میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور میں جیتا۔
لاہور: پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا جانے والا 165 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تین میچز کی سیریز میں قومی ٹٰیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔ کپتان بابر اعظم نے 44 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ حیدر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 15 رنز بنا پویلین لوٹ گئے، آصف علی 7 اور حسین طلعت صرف 5 رنز بناسکے۔فہیم اشرف 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آخر میں حسن علی اور محمد نواز نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 20 اور 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، پریٹوریس اور فورٹین ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیاتھا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے ناٹ آؤٹ 85 رنز کی اننگز کھیلی، ملان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملر اور ملان کے علاوہ کوئی پروٹیز بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، ریزا ہینڈرکس 2 ، اسمٹس 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔بلجون 16 رنز پر حسن علی نے بولڈ کیا، فلک وایو صفر پر عثمان قادر کا نشانہ بنے، پریٹوریس 9 رنز بنا کر چلتے بنے، فورٹین 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اسپنر زاہد محمود نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد نواز اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، عثمان قادر ایک وکٹ حاصل کرسکے۔اس سے قبل کپتان بابراعظم نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔اس اہم میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ افتخار احمد، خوشدل شاہ او ر حار ث رؤف کو ڈراپ کر کے حسن علی اور آصف علی کو شامل کیا گیا ہے جب کہ زاہد محمود ڈیبیو کریں گے۔گذشتہ روز کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی اور سیریز برابر کردی، قذافی اسٹیڈیم میں پروٹیز نے دورہ پاکستان میں پہلی فتح حاصل کی۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 145 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جنوبی افریقہ کی جانب سے ریزا ہینڈرکس اور وین بجوین نے 42، 42 رنز کی ذمہ دار اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر 25 اور کپتان ہینرک کلاسن 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔واضح رہے کہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین رنز سے شکست دی تھی۔