سپورٹس بورڈ پنجاب کی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ فیصل آباد ڈویژن نے جیت لی

لاہور (صباح نیوز)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ فیصل آباد ڈویژن نے جیت لی ہے، فائنل میں فیصل آباد ڈویژن نے لاہور ڈویژن کو 4-0سے شکست دی،صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے چیمپئن ٹیم کو ٹرافی دی اور گولڈ میڈلز پہنائے، تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل فیصل آباد ڈویژن اور لاہور ڈویژن کی ٹیموں کے درمیان منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کھیلا گیا، فیصل آباد ڈویژن کی ٹیم نے کھیل کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنا یا اور لاہور ڈویژن کے خلاف 2گول کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی، پہلا گول غلام مجتبیٰ ، دوسرا گول محمد ساجد نے کیا، اس کے کچھ دیر بعد فیصل آباد ڈیژن کی ٹیم نے تیسرا گول کرکے اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کرلیا، تیسرا گول اور چوتھا گول محمد عثمان نے کیا،لاہور ڈویژن کی ٹیم نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا، تین مرتبہ گیند پول سے ٹکرا کر واپس آگئی، میچ کے آخری لمحات میں فیصل آباد کی ٹیم نے چوتھا گول کیا اور چیمپئن بن گیا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے فیصل آباد ڈویژن کی ٹیم کو چیمپئن ٹرافی، 3لاکھ روپے کا انعام دیا اور گولڈ میڈلز پہنائے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے چیمپئن شپ کی رنر اپ لاہور ڈویژن  کی ٹیم کو 2 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی بہاولپور کی ٹیم کو ایک لاکھ روپے کے انعامات دیئے، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی نے لاہور ڈویژن کی ٹیم کو سلور اور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ نے بہاولپور ڈویژن کی ٹیم کو براونز میڈلز پہنائے،فیصل آباد ڈویژن کے حمزہ شہباز کو بہترین گول کیپر، بیسٹ پلیئر اور ٹاپ گول کرنے کا ایوارڈ لاہور ڈویژن کے کپتان حنان شاہد کو دیا گیا، حنان شاہد نے چیمپئن شپ میں 11گول کئے، ان کو 25،25ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے، مین آف دی میچ کا ایوارڈ فیصل ڈویژن کے کپتان علی رضا کو دیا گیا، ان کو دس ہزارروپے کیش انعام دیا، کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی کیساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے، فیصل آباد ڈویژن کی چیمپئن ٹیم نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا فاتحانہ انداز میں چکر بھی لگایا، فیصل آباد کے کھلاڑیوں نے فتح کی خوشی میں اپنے ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا حماد اور کوچ رانا خالد کو کندھوں پر اٹھالیا۔چیمپئن شپ کی تیسری اور چوتھی پوزیشن کا میچ بہاولپور ڈویژن اور سرگودھا ڈویژن کے درمیان کھیلا گیا جس میں بہاولپور ڈویژن کی ٹیم نے سرگودھا ڈویژن کو ایک صفر سے شکست دی اور تیسری پوزیشن حاصل کرلی، بہاولپور کے علی رضا نے گول کیا، میچ کے مہمان خصوصی وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم تھے، کھلاڑیوں کا ان سے تعارف بھی کرایا گیا۔