تینوں رہنما ئوں کا وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفیٰ دینے اور نئے الیکشن کا مطالبہ
یوسف رضا گیلانی کی کامیابی حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی کامیابی ہے،فضل الرحمن
حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں وہ ان سے تنگ ہیں، نوازشریف
ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے، آصف علی زرداری
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے صدر اور امیر جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور سید یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی یقینی بنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے جے یو آئی (ف) کے رہنمامولانا فضل الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ اور یوسف رضاگیلانی کی فتح پر اظہار تشکر کیا ،اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی ہمارے مشترکہ اور متفقہ امیدوار تھے، ان کی کامیابی حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کی کامیابی ہے، اسی اتحاد سے عمران خان کو جلد اقتدار سے رخصت کریں گے۔ دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا ، اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ حکومت کے اپنے اراکین ہم سے رابطے میں ہیں وہ ان سے تنگ ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے حکمت عملی سے حکومتی طاقتور امیدوار کو شکست دی ہے، اتحادیوں کی مشاورت سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کا فیصلہ کرینگے۔ تینوں رہنماوں نے پی ڈی ایم کی مستقبل کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی تیاریوں پر بھی بات چیت بھی کی، تینوں رہنما ئوں نے وزیراعظم عمران خان سے فوری استعفے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کیا۔