کراچی :اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کارجحان۔کے ایس ای100انڈیکس میں882.24پوائنٹس کی کمی
86.89فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ ۔سرمایہ کاروں کوایک کھرب 43ارب21کروڑ68لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا

کراچی(ویب  نیوز) سینٹ الیکشن کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں نے حصص فروخت کو ترجیح دی جس کی وجہ سے جمعرات کو  پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان رہا اورکے ایس ای100انڈیکس 882.24پوائنٹس کی کمی سے46ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے45278.54پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ86.89فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںکمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کوایک کھرب 43ارب21کروڑ68لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 9.36فیصدکم رہا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو  کاروبار  کے آغاز سے ہی سرمایہ کار سینٹ الیکشن کے نتائج کے باعث سیاسی رسہ کشی بڑھنے کے باعث محتاط نظر آئے اور انہوں نے نئی سرمایہ کاری کے بجائے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیع دی جس کے باعث انڈیکس46ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 45088پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد ازاںریکوری آئی اور 45100اور45200کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں لیکن مندی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس882.24پوائنٹس کی کمی سے45278.54پوائنٹس پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس400.74پوائنٹس کی کمی سے 18898.29پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 531.18پوائنٹس کی کمی سے 31133.90پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر412کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے46کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ358میں کمی اور8کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گرنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت82کھرب65ارب55کروڑ33لاکھ روپے سے گھٹ کر81کھرب22ارب33کروڑ65لاکھ روپے ہوگئی ۔قیمتوں میں اتار چڑھاو کے لحاظ سے سرفہرست کمپنیوں میںکولگیٹ پامولوکے حصص کی قیمت150روپے کے اضافے سے 2900روپے اورسن ریز ٹیکسٹائیل کے حصص کی قیمت74.97روپے کے اضافے سے 1074.58روپے ہوگئی جب کہ سیپ ہائرفائبر49روپے کی کمی سے 880روپے اوروائتھ پاک کے حصص کی قیمت32.49روپے کی کمی سے917.51 روپے ہوگئی ۔