علی حیدر گیلانی ویڈیو سکینڈل، الیکشن کمیشن پی ٹی آئی درخواست پر سماعت آج کرے گا
اسلام آباد(ویب نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی جلد سماعت کرنے کی درخواست منظورکرلی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے علی حیدر گیلانی ویڈیو سکینڈل کی درخواست پر سماعت آج منگل کو کی جائے گی، اس سے قبل درخواست کو 11 مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی نے پیر کو الیکشن کمیشن سے جلد سماعت کی درخواست کی تھی کیونکہ 12 مارچ کو چیئرمین سینیٹ کا الیکشن ہونا ہے اور یوسف رضا گیلانی اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہیں۔خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن سے پہلے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے۔پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ ویڈیو اسکینڈل پر کارروائی کے مکمل ہونے تک یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے اجرا کو روکنا چاہیے۔