خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا،یوم خواتین پر پیغام

لاہور  (ویب ڈیسک)

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی، معاشرتی اور مذہبی اقدار کا حصہ ہے، خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا،خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی ، نئے پاکستان میں ہر عورت کو عزت، ترقی اور تحفظ دیں گے،ماضی کی حکومتوں نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کوئی مثبت اقدام نہیں اٹھایا جبکہ موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں 187ڈے کیئر سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ملازمت پیشہ خواتین کیلئے ہاسٹل کی سہولت مہیا کی گئی ہے، اٹک، راجن پور، بہاولنگر، سیالکوٹ اورلیہ میں 28ارب روپے کی لاگت سے نئے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنائے جائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے انتخابی عمل میں خواتین بحثیت ووٹر، امیدوار، الیکشن اسٹاف، میڈیا، سیاسی ورکر کے طور پر شریک ہو کر جمہوری عمل کو آگے بڑھاتی ہیں۔