بھارتی کسانوں کا احتجاج، برطانیہ کا معاملہ وزرائے اعظم کی ملاقات اٹھانے کا اعلان
برطانوی پارلیمنٹ میں 90منٹ تک بحث ، کسانوں سے اظہار یکجہتی پر بھارت سیخ پا ، برطانوی ہائی کمشنر کو نئی دہلی میں طلب

نئی دہلی/لندن(ویب  نیوز) بھارت میں کسانوں کے احتجاج پر برطانیہ نے معاملہ اٹھانے کا اعلان کیا تو بھارت کی چیخیں نکل گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کو ساڑھے تین ماہ مکمل ہو گئے تاہم اب بھارت میں کسانوں کا احتجاج عالمی رنگ اختیار کر گیا۔برطانیہ نے معاملہ وزرائے اعظم کی ملاقات میں اٹھانے کا اعلان کر دیا جس پر بھارت کی چیخیں نکل گئیں۔بھارتی کسانوں کی گونج برطانوی پارلیمان میں بھی پہنچ گئی۔ برطانوی پارلیمنٹ میں کسانوں کے معاملے پر 90منٹ تک بحث ہوئی۔ جس میں برطانیہ نے معاملہ وزرائے اعظم کی ملاقات میں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔برطانیہ کی جانب سے کسانوں سے اظہار یکجہتی پر بھارت سیخ پا ہو گیا اور برطانوی ہائی کمشنر کو نئی دہلی میں طلب کر لیا۔ بھارت نے بحث کو داخلی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا۔لوک سبھا کے اجلاس میں بھی پنجابی رکن ہرسمرت کور بادل نے سرکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکار کا یہ کہنا کہ قوانین کسان کے مفاد میں ہیں، غلط ہے۔دوسری جانب ٹکری بارڈر پر احتجاج کے دوران جان دینے والے سکھ کارکن کے خاندان نے سرکار سے انصاف اور بچوں کی کفالت کے لیے فنڈز کا مطالبہ کر دیا۔بھارتی کسانوں نے قوانین واپس نہ لینے پر پارلیمنٹ کے باہر ٹریکٹرز لانے کا اعلان کر رکھا ہے۔