کمانڈرعبدالغنی خواجہ کی شہادت پرکیرالہ گنڈ میں ہڑتال، فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی
جنوبی کشمیر میں ریلوے پولیس اہلکار گاڑی تلے کچلا گیا، سری نگر میں آتشزدگی ، چھ رہائشی مکان تباہ

سری نگر (ویب ڈیسک)

بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جمعرات کو جنوبی کشمیر میں2 کشمیری نوجوانوں کو گولی مار کر  شہید کر دیا ہے ۔ کے پی آئی  کے مطابق جمعرات کو جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے  میں بھارتی فوج نے تلاشی مہم شروع کی ۔ اس دوران فوج نے فائرنگ کر کے  دو نوجوان کو شہید کر دیا  ۔ قصبے میں فوجی آپریشن جاری ہے ۔اس سے قبل گذشتہ شام پولیس اور فوج نے مشترکہ طور کنڈی پورہ کو محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا  تھا۔شمالی کشمیر میں البدر مجاہدین کے چیف کمانڈرعبدالغنی خواجہ کی شہادت کے بعد صورت حال کشیدہ  ہے، انٹرنٹ سروس بند ہے ۔۔ عبدالغنی خواجہ کے آبائی علاقے کیرالہ گنڈ میں  جمعرات کو مسلسل دوسرے دن مکمل ہڑتال ہے  ۔تمام دکانیں اور ادارے بند ہیں جبکہ علاقے میں آمدورفت معطل ہے۔ اس موقع پرسوپور کے علاقے تیجیر شریف میں جعلی مقابلے کے دوران   شہید عبدالغنی خواجہ کی میت کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔ بھارتی فوج نے  شہید کی میت کو لواحقین کے حوالے نہیں کیا  بلکہ بارہمولہ کے علاقے گانٹمولا میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کردیا۔۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کیرالہ گنڈ میں بھارتی فوج اور پولیس  کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے  تاکہ لوگوں کو غنی خواجہ کے قتل کے خلاف مظاہرے کرنے سے روکا جائے۔ دریں اثنا جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک گاڑی نے ریلوے پولیس کے ایک اہلکار 38 سالہ پرویز احمد ساکن ہتمولہ اننت ناگ کو کچل کر ابدی نیند سلا دیا۔جمعرات کو  ڈاون ٹاون سرینگر کے نواب بازار علاقے میں آ تشزدگی کے نتیجے میں چھ رہائشی مکان تباہ ہوگئے۔