اسلام آباد (ویب ڈیسک)
آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر محمد مطلوب انقلابی تحمل، برداشت، رواداری، ملنساری اور خوش اخلاقی کی ایسی روایات چھوڑ گے ہیں جن پر چل کر سیاسی قیادت اور سیاسی کارکن نفرت، تعصب اور مفاد پرستی سے پاک معاشرہ قائم کر سکتے ہیں۔ مرحوم مطلوب انقلابی نے ایک سیاسی کارکن اور عوام کے منتخب نمائندہ ہونے کی حیثیت سے معاشرے کے کمزور اور بے یارومددگار لوگوں کے سر پر ہاتھ رکھ کر سیاست اور عوامی نمائندگی کانہ صرف درست مفہوم سمجھایا بلکہ میدان سیاست میں کام کرنے والوں کیلئے ایک ایسی روشن مثال قائم کی جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرحوم مطلوب انقلابی کی سیاسی و سماجی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہونے والے ایک ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف خان اور حافظ سجاد قمر نے کیا تھا۔ ریفرنس سے سابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد افضل، آزادکشمیر کے سابق چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیا، وزیر حکومت چوہدری محمد شہزاد، قانون ساز اسمبلی کے رکن اور مسلم کانفرنس کے رہنما صغیر چغتائی، قومی اسمبلی کے سابق رکن زمرد خان، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما انجینئر افتخار چوہدری، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی، میجر ریٹائرڈ حفیظ چوہدری، مولانا محمود تبسم، قاری علی اکبر نعیمی، صاحبزادہ ذوالفقار علی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزادکشمیر سردارمسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحمل، بردباری اور برداشت ایک کامیاب سیاسی رہنما اور سیاسی کارکن کا ہتھیار ہوتا ہے اور یہ صفات مرحوم مطلوب انقلابی کی شخصیت میں بدرجہ اتم موجود تھیں۔ وہ تحریک آزادی کشمیر سے والہانہ لگا رکھتے تھے اور انہوں نے ہر قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم اور مجبور عوام کے حق میں آواز بلند کر کے تحریک کے ساتھ اپنی گہری وابستگی کا ثبوت دیا۔ وہ سیاسی طور پر انقلابی تھے لیکن خدمت کے میدان میں انسانی ہمدردی اور معاشرے کے کمزور انسانوں سے محبت ان کے دل میں کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی جس کا اعتراف ان کے چاہنے والے اور سیاسی مخالفین یکساں طور پر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی شخص دنیا سے چلا جاتا ہے تو وہ یا تو اپنے پیچھے خوشگوار یادیں چھوڑ جاتا ہے یا تلخ و ناخوشگوار واقعات چھوڑ جاتا ہے لیکن ہمارے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ مرحوم مطلوب انقلابی خوشگوار یادوں کا ایک ایسا تحفہ ہمارے لئے چھوڑ گے ہیں جس کا ہم سب دل سے احترام کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف خان نے کہا کہ مرحوم مطلوب انقلابی نے اپنے کردار اور عمل سے ہمیں بتایا ہے کہ سیاست دراصل ایک خدمت کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مطلوب انقلابی نے عوامی خدمت کی جو روشن مثال اپنے پیچھے چھوڑی ہے اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے سابق چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیا اور دیگر مقررین نے مرحوم مطلوب انقلابی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے مختصر سیاسی زندگی میں عوامی خدمت کو اپنا شعار بنا کر اپنوں اور غیروں کے دل جیت لیے تھے یہی وجہ ہے کہ آج ان کے دنیا سے جانے کے بعد ان کے سیاسی حامی اور مخالف ہر شخص دکھی اور رنجیدہ ہے۔