سکولوں میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سردار یاسر الیاس خان
دارارقم سکول جی نائن میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب
اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا حکومت کو چاہئے کہ وہ نوجوانوں کو کاروبار کی طرف مائل کرنے کے لئے انٹرپرینیور شپ کو اسکولوں کے نصاب کا ایک لازمی حصہ بنائے تاکہ طلبا حصول تعلیم کے بعد کامیاب کاروباری شخصیات کی حیثیت سے ابھریں اور ملک کی معاشی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارارقم سکول جی نائن اسلام آباد کیمپس کی سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، سابق سینئر نائب صدور خالد چوہدری اور محمد نوید ملک بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ کی تعلیم طلبا کو حقیقی دنیا کی جدید مہارتوں سے آراستہ کرتی ہے جس کی وجہ سے وہ موجودہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ایک کامیاب شخصیت کے طورپر ابھر کر سامنے آتے ہیں اور ملک و قوم کی بہتر خدمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورز کاروبار شروع کر کے نہ صرف خود ایک خوشحال زندگی گزارتے ہیں بلکہ دوسروں کیلئے روزگار پیدا کر کے وہ معاشرے سے بے روزگاری اور غربت و افلاس کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور سب کو روزگار فراہم کرنا حکومت کیلئے ممکن نہیں ہے لہذا سکول کی سطح سے ہی طلبا کو انٹرپرنیورشپ کی تعلیم دے کر نوجوانوں کو کاروبار کی طرف مائل کرنے کی کوشش کی جائے جس سے بے روزگاری کے مسائل بہتر حل ہوں گے اور معیشت بھی تیزی سے ترقی کرے گی۔
سردار یاسر الیاس خان نے طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اسلامی طرز ہر اخلاقی تعلیم فراہم کر کے طلبا کی بہتر شخصیت کو فروغ دینے کے لئے دارا الارقم سکول کے کردار کو سراہا کیونکہ اس سے طلبا میں مضبوط اخلاقیات سمیت ان کی مجموعی شخصیت کو بہتر ترقی ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دارارقم سکول کے بہت سے طلباء مختلف شعبہ ہائے زندگی میں مضبوط رہنما بن کر ابھریں گے اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں موثر کردار ادا کریں گے۔انہوں نے اس موقع پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
دارارقم سکول جی نائن اسلام آباد کی پرنسپل محترمہ سعدیہ منیر اور ڈائریکٹر ملک اظہر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ دارلارقم اسکول سسٹم 1990 میں شروع کیا گیا تھا اور اب اس کی پورے پاکستان میں 900 سے زیادہ شاخیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دارالارقم سکول سسٹم کا جی نائن کیمپس مارچ 2011 میں قائم کیا گیا تھا اور اب اس میں 500 سے زیادہ طلباء وطالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکول نے 70 حافظ قرآن پیدا کئے ہیں اور میٹرک میں 100 فیصد رزلٹ حاصل کیا ہے جس نے اس اسکول کی عمدہ کارکردگی کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اسکول طلباء وطالبات میں ہم نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اورمختلف کمیونٹی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔