اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی، ایئر فورس ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

ایئر مارشل مجاہد انور خان عہدے سے سبکدوش ہوگئے، جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے سبکدوش ہونیوالے ایئر چیف کو سلامی دی۔

ایئر فورس ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونیوالے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ40 سال پاک فضائیہ میں خدمات سر انجام دینا میرے لیے فخر ہے، میں آج پاک فضائیہ کی کمانڈ نئے سربراہ کو سونپ رہاہوں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے تعاون سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہے، ہر قیمت پر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، ہر شعبہ میں تعاون پر اپنے اسٹاف کا شکر گزار ہوں۔

ایئر مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے باوجود ہم نے دفاعی مشقیں جاری رکھیں، ‏پاک فضائیہ ہر چیلنج کے مقابلے کےلیے تیار ہے۔

انہوں نے نئے ‏ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو پاک فضائیہ کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دیتےہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے ان ‏کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔

واضح رہے کہ ظہیر احمد بابر سدھو نے 1986ء میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی، وہ پاک فضائیہ میں ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف ایڈمن کے طور پر کام کر رہے تھے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر فائٹر اسکوارڈرن، آپریشنل ائیربیس اور ریجنل ایئر کی کمانڈ بھی کر چکے ہیں، اس کے علاوہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اسسٹنٹ چیف آف ائیر اسٹاف آپریشن و ریسرچ اور ترقی کے طور پر بھی خدمات دے چکے ہیں۔