وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا،،،خاتون اول بھی کورونا وائرس کا شکار
ویکسین کی دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان جب کورونا میں مبتلا ہوئے اس وقت ان کی مکمل ویکسی نیشن نہیں ہوئی تھی۔ نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو ویکسین کی پہلی خوراک محض دو روز قبل دی گئی، کوئی بھی ویکسین اتنی جلدی اثر نہیں کرتی۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان گھر سے ویڈیو کال پر تمام میٹنگز اور دیگر امور جاری رکھیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے 18 مارچ کو عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی۔ وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی تھی کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز مالاکنڈ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب بھی کیا تھا۔
خاتون اول بھی کورونا وائرس کا شکار
وزیراعظم عمران خان کے بعد خاتون اول بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ اللہ تعالی دونوں کو شفا دے۔انہوں نے لکھا کہ ویکسین محفوظ ہے اس کا استعمال کریں، وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کا شکار ہونے سے چند روز قبل ویکسین لگوا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خود ویکسین لگوائیں اور اپنے پیاروں کو بھی لگوائیں اس کیساتھ جعلی خبروں کے ساتھ لڑائی لڑیں۔