اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 42 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 3 ہزار 876 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 946 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 97 لاکھ32 ہزار 033 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 876 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل 2 جولائی 2020 کو 4 ہزار 339 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ جس کے بعد آج تقریباً 8 ماہ بعد کورونا کے سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 23 ہزار 135 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ62 ہزار 796 ، پنجاب میں ایک لاکھ 95 ہزار 087، خیبر پختونخوا میں 78 ہزار 653، اسلام آباد میں 50 ہزار 843، بلوچستان میں 19 ہزار 306، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 483 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 967 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد29ہزار 576 ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 42 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 799 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 446 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 79 ہزار 760 ہوگئی ہے۔