لاہور (ویب ڈیسک)
شوگر سٹہ انکوائری کیس میں ایف آئی اے نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے چینی کے سٹے میں ملوث 424 اکاونٹس منجمد کردیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے شوگر سٹے میں ملوث 424 بنک اکاونٹس تلاش کرکے منجمد کردیے۔ حکام کے مطابق مشکوک بنک اکاونٹس میں شوگر سٹہ کی 70 ارب روپے کی رقم جمع ہوئی۔ شوگر سٹے میں ملوث مزید جعلی اکاونٹس کی تلاش جاری ہے۔
اس سے قبل ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون ون محمد رضوان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں چینی کے سٹہ بازوں کے خلاف جلد کارروائیوں کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔ ایف آئی اے 37 افراد کے شناختی کارڈز پہلے ہی بلاک کروا چکا ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور نے مارکیٹ میں چینی کی قلت دور کرنے کے لیے کمر کس لی۔ لاہور میں ایک لاکھ کلو روزانہ چینی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی لائحہ عمل بنا لیا۔
کمشنر لاہور کی ہدایت پر پتوکی شوگر ملز سے چینی کے ایک ہزار تھیلے منگوا لیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے کہ شوگر ملز سے 93 روپے فی کلو چینی خریدی گئی، 50 ہزار کلو چینی شہر کے 100 ہول سیلرز کو پہنچا دی، مزید 50 ہزار کلو چینی بھی آج پہنچ جائے گی، ذخیرہ اندوزوں کو 3 سال کے لیے ڈائریکٹ جیل بھجوائیں گے۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ پنجاب فوڈ کنٹرول ایکٹ 1958پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔