وبا کے خاتمے کا انحصاراس بات پر ہے کہ ویکسین کو جتنا جلد ممکن ہو سکے پوری دنیا کی آبادی تک پہنچایا جا سکے
نیویارک (ویب ڈیسک)
اقوام متحدہ نے کورونا ویکسین ذخیرہ کرنے والے امیر ممالک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے امیر ممالک کو کورونا ویکسین دیگر ممالک میں تقسیم کرنے کی ترغیب دی تاکہ وبا کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ویکسین کی غیرمنصفانہ تقسیم پر شدید تحفظات ہیں اور اگر یہ ویکسین ہر جگہ ہر کسی کو لگے تو اس میں سب کا فائدہ ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امیر ممالک کی اپنے فائدے کے لیے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امیر ممالک ویکسین کو ذخیرہ مت کریں اس کی کوئی منطق نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کرتے رہے ہیں کہ وہ خریدی گئی کچھ ویکسینز کو دیگر ملکوں کے ساتھ شیئر کریں جبکہ انہوں نے اپنی ضرورت سے زیادہ خریداری کی ہے۔سیکرٹری جنرل نے افسوس کا اظہار کیا کہ ویکسین کی خوراکوں کی غریب ممالک تک فراہمی کے کوویکس پروگرام کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ بہت زیادہ ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وبا کے خاتمے کا انحصار سب سے زیادہ اس بات پر ہے کہ ویکسین کو جتنا جلد ممکن ہو سکے پوری دنیا کی آبادی تک پہنچایا جا سکے۔