کشمیریوں کے قاتل مودی کے ساتھ اچانک خط و کتابت بے وجہ نہیں، سراج الحق

بھارت کی مرضی کے مطابق کچھ ایسا ہوا ہے جس کی وجہ سے سیزفائر اور تجارت کی بات ہو رہی ہے

عمران خان بتائیں کہ ایسا کیا ہوا کہ جسے وہ خود ہٹلر کہتے تھے، وہ اب ہٹلر رہا نہ بی جے پی فاشسٹ پارٹی؟

اسلام آباد (ویب  نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے وزیرِ اعظم عمران خان اوربھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی  کے درمیان خط وکتابت پر ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ایک ٹویٹ میں سراج الحق نے لکھا ہے کہ کشمیریوں کے قاتل نریندرمودی کے ساتھ اچانک خط و کتابت بے وجہ نہیں ہے۔ یقینا کشمیر پر بھارت کی مرضی کے مطابق کچھ ایسا ہوا ہے جس کی وجہ سے سیزفائر اور تجارت کی بات ہو رہی ہے۔ سراج الحق نے وزیرِ اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قوم کو بتائیں کہ ایسا کیا ہوا کہ جسے وہ خود ہٹلر کہتے تھے، وہ اب ہٹلر رہا نہ بی جے پی فاشسٹ پارٹی؟ یاد رہے پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے چند روز قبل بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے یومِ پاکستان کے تہنیتی خط کا جواب دیا ہے جس میں انہوں نے تنازع کشمیر کے حل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔29 مارچ کو لکھے گئے اس خط میں عمران خان نے بھارتی وزیرِ اعظم کے خط کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام بھی انڈیا سمیت تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔ 23 مارچ کو بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان کے نام اپنے خط میں انہیں یومِ پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک پڑوسی ملک کے طور پر انڈیا پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے مزید لکھاتھا کہ ایسا ممکن بنانے کے لیے دہشتگردی اور دشمنی سے خالی اور اعتماد سے بھرپور ماحول کی ضرورت ہے.