تاجر برادری لاک ڈاؤن کے نئے نوٹیفیکیشن سے مطمئن ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
کاروباری حالات اچھے نہیں حکومت مراعات کا اعلان کرے
اسلام آباد (ویب نیوز )
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری اور آئی سی سی آئی تمام اہم معاملات پر ایک پیج پر ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ نے اعتمادمیں لئے بغیر ہفتہ وار 2دن کاروبار بند کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا تھا جس کی وجہ سے مختلف جگہوں پر بدمزگی بھی پیدا ہوئی ہے۔ تاہم چیمبر کی ٹریڈرز کمیٹی کے کنوینر خالد چوہدری نے فوری طور پر اسلام آباد بھر کی مارکیٹوں کے عہدیداران کا ایک اجلاس طلب کیا جس میں آل پاکستان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ نے بھی شرکت کی۔ اس اجلاس میں تمام عہدیداران نے رائے دی تھی کہ ہفتہ میں کاروبار صرف ایک دن بند کئے جائیں اور اگر مجبوری کی وجہ سے کاروبار بند کرنا ناگزیر ہو تو بعض مارکیٹوں میں جمعہ اور ہفتہ کو چھٹی کی جائے جبکہ بعض میں ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند کیا جائے جبکہ یہ بندوبست صرف 11اپریل تک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے تاجر برادری کی رائے کے مطابق کاروبار بند کرنے کا پورا پروگرام انتظامیہ کو فراہم کیا اور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد نے اس پروگرام کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں کو ہفتہ میں 2دن کاروبار بند کرنے کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کیلئے انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمیشنر حمزہ شفقات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ضلعی انتظامیہ تاجر برادری کے مفادات کا خیال رکھے گی اور چیمبر کی مشاورت کے ساتھ کاروبار سے متعلق اہم فیصلے کرے گی۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور رمضان و عید کی وجہ سے بعض شعبوں کی کاروباری سرگرمیاں کافی تیز ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے پہلے ہی کاروباری حالات اچھے نہیں ہیں جبکہ کرونا کی تیسری لہر نے مزید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ انہوں نے تاجر برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات میں ان کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے لہذا وہ کاروبار کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور بغیر ماسک کو کسی بھی گاہک کو دکان میں داخل نہ ہونے دیں جبکہ گاہکوں کا رش ہونے کی صورت میں مناسب فاصلہ رکھوائیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی مشکلات کے پیش نظر کاروبار بند کرنا اس مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ ماسک کا لازمی استعمال کر کے ہی اس وباء کا بہتر مقابلہ کیا جا سکتا ہے اور کاروبار کو جاری رکھا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کاروبار بند کرنے کے مسئلے پر چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر تمام مارکیٹوں کے عہدیداران، آل پاکستان انجمن تاجراں، ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اور چیمبر کی ٹریڈرز کمیٹی کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اتفاق و اتحاد کے ساتھ مشکل فیصلے کرنے میں چیمبر کے ساتھ اسی طرح تعاون کرتے رہیں گے