مقبوضہ کشمیر میں مزید پانچ کشمیری نوجوان شہید،72 گھنٹوں میں 12 کشمیری شہید
جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان ، کولگام اور اسلام آباد اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی
کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی ہڑتال سوپور سے 6 گرفتار
سری نگر( ویب نیوز ) بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں مزید پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔72 گھنٹوں میں جنوبی کشمیر میں شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد12 ہوگئی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے اتوار کو میڈیا کو بتایا کہ 72 گھنٹوں میں 12 نوجوان مارے گئے ۔کے پی آئی کے مطابق اتوار کوشوپیاں کے علاقے ہڈی پورہ میں فوجی آپریشن میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا جبکہ اسلام آباد ضلع کے بیج بہار ہ علاقے میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔اس سے قبل ، بھارتی فوجیوں نے جمعرات اور جمعہ کے روز شوپیاں اور پلوامہ اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں میں سات کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔حکام نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان ، کولگام اور اسلام آباد اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے ۔ ادھر کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر اتوار کو مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی ہڑتال کی گئی ۔ سوپور سے بھارتی فوجی نے 6 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے