سید علی گیلانی کی12کشمیری نوجوانوں کی شہادت کیخلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کی اپیل

معصوم بچوں کا قتل عام اور شعائر اسلام کی بے حرمتی ذہنی پستی اور اخلاقی دیوالیہ پن کی انتہا ہے، قائد تحریک آزادی جموں وکشمیر

سرینگر(ویب  نیوز)قائد تحریک آزادی جموں وکشمیرسید علی گیلانی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے نام نہاد فوجی حصار میں 12کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جمعہ 16 اپیل کو مکمل ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کا قتل عام اور شعائر اسلام کی بے حرمتی ذہنی پستی اور اخلاقی دیوالیہ پن کی انتہا ہے، مقبوضہ وادی کے شوپیاں، پلوامہ، اور بیجبہاڑہ علاقوں میں نام نہاد فوجی حصار کے دوران12کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے ساتھ ساتھ مسجد اور قرآن مجید کی بے حرمتی کرکے ہندوستانی قابض فوج نے ایک بار پھر اپنی ذہنی پستی اور اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنا اگرچہ فسطائیت کی علمبردار بھارت کی موجودہ حکمران جماعت کا محبوب مشغلہ رہا ہے لیکن ہم بھارتی حکمرانوں کو انتباہ کرنا چاہتے ہیں کہ کشمیر میں ان کے ان مذموم ہتھکنڈوں کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔ اگر بھارتی حکمران اس زعم میں ہیں کہ اس طرح کی مذموم حرکتوں سے وہ کشمیری عوامکو اپنے موقف سے ہٹنے یا اپنے مطالبہ آزادی  سے دستبردار ہونے کیلئے مجبور کرسکتے ہیں توہ وہ  جان لیں کہ

” ایں خیال است و محال است و جنوں”۔۔

مذہب اور مذہبی مقامات پر اس طرح کے گستاخانہ حملوں کے انتہائی تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے اور یہی بات ہندوستانی حکمرانوں کے ساتھ ساتھ عالمی اداروں اور عالمی برادری کو سمجھانے کیلئے ہم کشمیری عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آنے والے جمعہ (16 اپریل 2021 ) کو وادی بھر میں مکمل ہڑتال کرکے اپنا اجتماعی ردعمل اور احتجاج درج کرائیں ۔ عالمی برادری پر بھی یہ اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے خوابیدہ ضمیر کو جھنجھوڑ کر کشمیر میں جاری بھارتی جرائم کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے خلاف قرار واقعی کارروائی کریں۔