اسلام آباد (ویب ڈیسک)
کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی جان لیوا وائرس نے آج 135 لوگوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا جب کہ 4 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 092 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 10,878,08 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 681 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 734,423 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 840 ، پنجاب میں 2 لاکھ 55 ہزار 571، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ ایک ہزار 045، اسلام آباد میں 67 ہزار 491، بلوچستان میں 20 ہزار 499، آزاد کشمیر میں 14 ہزار 837 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 140 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 76 ہزار 757 ہے۔ جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 135 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 754 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس 17 جون 2020 کو ایک دن میں 136 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 3 ہزار 645 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 641,912ہوگئی ہے۔