کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا نوٹی فکیشن جاری
رمضان کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا،این سی اوسی

اسلا م آباد(ویب نیوز)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے ملک میں کورونا کی شدت میں اضافے کے باعث رمضان المبارک کے تناظر میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے تحت صوبوں کو کورونا کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں رمضان المبارک میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق 14 اپریل (یکم رمضان المبارک) سے پابندیوں کا اطلاق شروع ہوگا اور لاک ڈائون کورونا کو مدنظر رکھ کر لگایا جائے گا۔این سی اوسی کے اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں تراویح کا اہتمام ہوا دار جگہ پر کیا جائے گا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ مسجد انتظامیہ کے تعاون سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی۔اعلامیہ کے مطابق ملک بھر سماجی، سیاسی، کھیلوں سمیت ہرقسم کی ان ڈور اور آئوٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی۔ وفاق کی اکائیاں اضلاع اورشہروں میں بیماری کا پھیلائودیکھ کر اقدامات لے سکتی ہیں، وفاق کی اکائیاں چاہیں تو ایس او پیز کے حوالے سے مزید سخت اقدامات بھی کرسکتی ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران کورونا کے تدارک کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، کمیونٹی اور میڈیا کے ذریعے ماسک پہننے کی مہم چلائی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر قسم کی سماجی اور ثقافتی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی،ہر طرح کی ان ڈور اور آئوٹ ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، سینما، مزارات اور پبلک پارکس مکمل طور پر بند رہیں گے۔این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں ہر قسم، کے بازار ، مارکیٹیں اور شاپنگ مال صبح سحری سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جب کہ ہفتہ اور اتوار کاروبار بند رہے گا۔ ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں تمام نجی و سرکاری بینکوں کے اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 10سے4 بجے تک ہوں گے جب کہ جمعے کو بینک صبح 10سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ تمام نجی اور سرکاری دفاترمیں 50فیصد ورک فرام ہوم پالیسی ہوگی۔ملک بھر میں اندرون شہر ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلے گی، ریلوے کو 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلایا جائیگا، رمضان میں رش سے بچنے کے لیے اضافی ٹرینیں چلائی جائیں گی،بین الاصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ہر ہفتے اور اتوار کو بند رہے گی۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر25 اور26 اپریل کی درمیانی شب تک پابندی رہے گی۔ایس او پیز پر این سی او سی کا جائزہ اجلاس 10 رمضان جب کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس 20 اپریل کو ہوگا۔