تحریک لبیک پاکستان کالعدم قرار، نوٹیفکیشن جاری

انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا گیا

تحریک لبیک پاکستان ملک میں دہشت گردی اور دوسرے گھنانے جرائم میں ملوث ہے

ٹی ایل پی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اموات اور زخمی کرنے میں ملوث ہے،نوٹیفکیشن

وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلریشن آج (جمعہ کو) سپریم کورٹ پیش کرے گی ،عدالت کے فیصلہ پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گی

اسلام آباد(ویب  نیوز) وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا۔وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کا کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق تحریک لبیک پاکستان ملک میں دہشت گردی اور دوسرے گھنانے جرائم میں ملوث ہے۔وزارت داخلہ کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحریک لبیک ملک میں لوگوں کو اکسا کر انتشار پیدا کرنے میں ملوث ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹی ایل پی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اموات اور زخمی کرنے میں ملوث ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے اس حوالے سے کہنا ہے کہ تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اپنے نظریات مسلط کرنا دین محمدی ۖ کے پیروکاروں کا شیوہ نہیں۔ ناحق لوگوں کی جانیں لیناکسی طورمناسب نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ علمائے کرام اپنے خطبات میں دین اسلام کی اصل روح سے عوام کو آگاہ کریں۔اس سے قبل کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی تھی۔ وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی۔ تحریک لبیک پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت لگائی گئی ہے۔پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی کی سفارش کی تھی۔ وزارت داخلہ کی سمری پر وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔سمری کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلریشن آج (جمعہ کو) سپریم کورٹ پیش کرے گی۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گی۔ ڈی نوٹیفیکیشن کے بعد ٹی ایل پی کے ارکان اسمبلی نااہل ہوجائیں گے۔