ایف پی سی سی آئی اور سارک چیمبر کی شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد

لاہور (صباح نیوز) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے شوکت ترین کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے بزنس کمیونٹی کا اعتماد بحال ہوگا۔ ہفتہ کو ایک مشترکہ بیان میں صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک ، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور راجہ محمد انور ، محمد نواز ، عدیل صدیقی اور محمد آصف یوسف جیوا نے وزیر اعظم پر زور دیا ہے کہ اب وہ  اپنی پارٹی کے منشور پر توجہ دیں اور عوام کی خواہشات پر پورا اتریں جنہوں نے انہیں اقتدار میں آنے کیلئے ووٹ دیا ہے، مزید یہ کہ وہ اپنی توجہ اقتصادی نمو اور برآمدات کے فروغ پر مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو پرامن ماحول ، کاروبار دوست اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے منصفانہ اور اچھی حکمت عملی پر مبنی پالیسیوں کی بھی ضرورت ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ شوکت ترین اعلی تعلیم یافتہ ماہر اقتصادیات ہیں جو اچھے نتائج دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ اچھا شگون ہے کہ وزیر اعظم نے اس کام کے لئے درست انتخاب کیا ہے اور وہ یقینی طور پر ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں معاون ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شوکت ترین کامیاب وزیر خزانہ ثابت ہوں گے۔ راجہ محمد انور نے کہا کہ پاکستان میں زبردست صلاحیت موجود ہے اور وہ بہترین ٹیلنٹ سے مالا مال ہے، ہمیں صرف حکومتی پالیسیوں میں مستقل مزاجی اور آگے بڑھنے کے لئے ایک واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے اور یہ پائیدار اقتصادی پالیسیوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ محمد نواز نے کہا کہ شوکت ترین کو ایس ایم ایز کو بہت زیادہ اہمیت دینا ہوگی جو دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ عدیل صدیقی نے کہا کہ ملک بھر کی کاروباری برادری کو شوکت ترین پر بھر پور اعتماد ہے کہ وہ معاشی سرگرمیوں کو تیز تر کرنے کیلئے بہترین مراعات مہیا کریں گے تاکہ معیشت کی ترقی کو تیز تر کیا جا سکے۔ محمد عارف یوسف جیوا نے کہا کہ ملک کے مستقبل کا انحصار مستحکم معیشت پر ہے لہذا وزیر اعظم غیر متنازعہ تاجر رہنماؤں کو پالیسی سازی کے عمل میں اعتماد میں لیں بصورت دیگر ہم اپنے ہمسایہ ممالک اور دنیا بھر سے کبھی مقابلہ نہیں کرسکتے۔