راولپنڈی کے10علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ.. تجارتی مراکزبند رہیں گے،  27اپریل تک رہیگا

کورونا وائرس ، ملک بھر میں مزید149افراد جاں بحق..اموات 16243تک پہنچ گئیں،6127نئے کیسزرپورٹ

راولپنڈی(ویب  نیوز) ضلع راولپنڈی کے دس علاقوں میں آئندہ دس روزکے لئے سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق لاک ڈائون والے علاقوں میں راولپنڈی کے چھ ،ٹیکسلا کا ایک اور گوجرخان کے تین علاقے شامل ہیں ۔ سمارٹ لاک ڈائون والے علاقوں میں کنٹرول آمدورفت ہوگی تاہم تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے، لاک ڈائون کا اطلاق  27اپریل تک رہے گا۔

پاکستان میں عالمی وباء کوروناائرس کی تیسری لہر آنے کے بعد صورتحال روز بروز سنگین ہونے لگی  اور گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران  ملک بھر میں کوروناوائرس کے ریکارڈ 149  مریض انتقال کر گئے جس کے  بعد  ملک میں کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے کل مریضوں کی تعداد16243تک پہنچ گئی ہے۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک بھر  میں جاری کوروناوائرس کی تیسری لہر کے دوران ریکارڈ 6127نئے کیسز سامنے آئے ہیںجس کے بعد ملک میں کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ56ہزار285تک پہنچ گئی  ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی)کی جانب  سے  اتوار  کے روز ملک میں کوروناوائرس کے حوالے سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق  اب تک ملک بھر میں کوروناوائرس کے6 لاکھ59ہزار483 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں کوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد79108تک پہنچ گئی ۔ اس وقت ملک میں کوروناوائرس تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد4446 تک پہنچ گئی ۔کوروناوائرس کی تیسری لہر آنے کے بعد پاکستان میں کوروناوائرس کے نئے رپورٹ ہونے والے کیسز اور فعال کیسز کی تعدادتیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبہ سندھ کے بعد صوبہ پنجاب میں  بھی کوروناوائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی اور یہ تعداد دو لاکھ67ہزار سے اوپر جا چکی ہے۔ جبکہ صرف صوبہ پنجاب میں کوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد43ہزار سے تجاوز کر گئی ۔صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی کوروناوائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔ پاکستان میں کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.1فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح87.2   فیصد تک پہنچ چکی ہے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوروناوائرس کے4527مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔ این سی اوسی کے مطابق صوبہ پنجاب کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں اور فعال کیسز کے اعتبا ر سے ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔